کراچی میں موسلا دھار بارش سے 19 افراد جاں بحق، بجلی کا نظام متاثر۔ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں دیوار گرنے سے 13 افراد جان بحق ہوئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ شدید بارش اور طوفانی ہواؤں نے شہر کو جل تھل کردیا۔ بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
شہر میں بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل جاری ہے اور 2100 میں سے تقریباً 1950 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ خیابان اتحاد، مسلم کمرشل، عید گاہ گراؤنڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ فیلڈ ٹیمیں فالٹس کی درستگی کے لیے متحرک ہیں اور موسم کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے بعد بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔














