ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کی شہادت پر شدید ردعمل دیا، قاتلوں کو انجام بھگتنے کا انتباہ۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کی شہادت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘مجرم قاتلوں’ کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایرانی حکام نے لاریجانی کی شہادت کی تصدیق کے تقریباً ایک روز بعد عوامی سطح پر ردعمل کا اظہار کیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ انہیں علی لاریجانی کی شہادت کی خبر ‘گہرے رنج’ کے ساتھ ملی۔ لاریجانی کو ‘ذہین، باعزم شخصیت’ اور ایران کے سیاسی نظام کی نمایاں شخصیت قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘ایسی شخصیت کی شہادت بلا شبہ اس کی اہمیت اور اسلام کے دشمنوں کی اس کے خلاف نفرت کو ظاہر کرتا ہے۔’ مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ‘اسلام دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلامی نظام کے درخت کے نیچے بہنے والا یہ خون اسے مزید مضبوط بناتا ہے۔’
بیان میں کہا گیا کہ ‘ہر خون کی ایک قیمت ہوتی ہے اور شہدا کے مجرم قاتلوں کو جلد اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔’ اس بیان کو ایران میں علی لاریجانی کی شہادت کے بعد اعلیٰ سطح کے سخت ترین ردعمل میں شمار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام نے علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق حالیہ دنوں میں کی تھی، جس کے بعد ایران کی سیاسی اور سکیورٹی قیادت کی جانب سے مسلسل ردعمل سامنے آ رہا ہے۔














