پاکستان میں ڈیزل کا ذخیرہ 24 دن تک کافی، آئل کارگو پہنچ گیا

پاکستان میں ڈیزل کا ذخیرہ 24 دن کے لیے کافی ہے، آئل کارگو کراچی پہنچ چکا، توانائی کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان میں ڈیزل کا ذخیرہ 24 دن تک کافی، آئل کارگو پہنچ گیا

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرول پرائسز مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ڈیزل کا ذخیرہ 24 دن کے لیے کافی ہے اور پیٹرول کی سپلائی بھی تسلی بخش ہے۔ ایک آئل کارگو کراچی پہنچ چکا ہے اور دوسرا جلد پہنچنے والا ہے۔ مزید شپمنٹس بھی راستے میں ہیں۔

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سپلائی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے درآمدی اخراجات بڑھ رہے ہیں اور ایل سیز کے سائز میں اضافے کی وجہ سے درآمد میں مشکلات ہیں۔

وزیر خزانہ نے بینکوں اور درآمد کنندگان کے درمیان تعاون کی ہدایت دی اور اسٹیٹ بینک کو سہولت دینے کا کہا۔ اجلاس میں مشترکہ فنانسنگ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا اور ایندھن کی طلب بڑھنے کے باعث ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے سخت نگرانی کی ہدایت دی گئی۔

مزید برآں، عید اور فصل کی کٹائی کے دوران سپلائی جاری رکھنے کے لیے آئل کمپنیاں تیار ہیں اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ایندھن کی نگرانی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت متبادل ممالک سے تیل کی سپلائی بڑھانے پر کام کر رہی ہے تاکہ توانائی کی سیکیورٹی مضبوط ہو سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں