کراچی میں عید الفطر سے قبل پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، بھکاریوں کو بحالی کے لیے این جی اوز کے سپرد کیا جائے گا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کمشنر کراچی نے عید الفطر کے موقع پر رش، ٹریفک اور پارکنگ مسائل کے حل کے لیے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ بلدیہ عظمیٰ، ٹاؤن ایڈمنسٹریشن، ٹریفک اور مقامی پولیس کا تعاون حاصل کیا جائے گا اور مصروف بازاروں میں شکایات کے ازالے کے لیے کیمپ لگائے جائیں گے۔ بھکاریوں کو بحالی کے لیے این جی اوز کے سپرد کیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے کمشنر آفس نے بتایا تھا کہ جاری مہم میں 144 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔















