یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ ایران سے واپس بندرگاہ کی طرف روانہ، آگ بجھانے میں 30 گھنٹے لگے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ ایران کے قریب جنگی علاقے کو چھوڑ کر واپس یونان کی بندرگاہ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔
امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ آگ لگنے کے واقعے کے بعد مرمت کے لیے بحیرۂ احمر سے روانہ ہو گیا ہے۔ یو ایس نیول انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جہاز کو یونان کے سوڈا بے منتقل کیا جا رہا ہے جہاں اس کی مرمت کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق جہاز 2 سے 3 ہفتے تک آپریشنل نہیں رہے گا۔ امریکی نیوی کے ترجمان نے بتایا کہ آگ کے باعث جہاز کے کئی رہائشی حصے متاثر ہوئے جبکہ 100 سے زائد بستر تباہ ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جہاز کے مرکزی لانڈری ایریا میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں 30 گھنٹوں سے زیادہ وقت لگا۔ اس واقعے میں 2 امریکی فوجی زخمی ہوئے تاہم جہاز کے انجن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
آگ کے نتیجے میں 600 سے زائد اہلکار اپنے بستروں سے محروم ہو گئے۔ یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ پر تقریباً 4500 افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ امریکی بحریہ کا جدید ترین طیارہ بردار جہاز ہے جو مختلف عالمی مشنز میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔












