پاکستان نے ایران جانے کے لیے رائج رہداری سسٹم معطل کر دیا، جس سے سرحدی علاقوں کے رہائشی متاثر ہوں گے۔
گوادر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گوادر کی ضلعی انتظامیہ نے ایران جانے کے لیے رائج رہداری سسٹم کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئندہ کسی بھی فرد کو ایران جانے کے لیے رہداری جاری نہیں کی جائے گی۔
حکام کے مطابق، راہداری سسٹم کے تحت سرحدی علاقوں کے رہائشی بغیر ویزا اور پاسپورٹ کے پاکستان اور ایران کے درمیان آمد و رفت کر سکتے تھے۔ یہ سہولت دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے مخصوص تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ رہداری سسٹم کی بندش سے سرحد کے دونوں جانب رہنے والے خاندانوں کے درمیان میل جول متاثر ہوگا اور آمد و رفت میں مشکلات بڑھ جائیں گی۔ یہ نظام طویل عرصے سے مقامی آبادی کے لیے ایک اہم اور آسان سفری سہولت کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔













