نیدرلینڈز میں گولڈ فش نے واٹر ٹینک میں تیر کر خودکار گاڑی چلا کر عالمی ریکارڈ بنایا۔ تھامس ڈی وولف نے یہ گاڑی تیار کی، جو مشن سنسنگ ٹیکنالوجی سے چلتی ہے۔
ایمسٹرڈیم: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیدرلینڈز کے ایک انجینئر تھامس ڈی وولف نے اپنی پالتو گولڈ فش کے لیے ایک منفرد گاڑی تیار کی ہے، جس نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ بلب نامی گولڈ فش نے اس گاڑی کو ایک منٹ میں 40 فٹ تک چلایا۔ اس گاڑی کی ڈرائیور سیٹ پر نصب واٹر ٹینک میں تیرنے والی مچھلی کی حرکتوں کا تجزیہ کرکے گاڑی آگے بڑھتی ہے، جو اب گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بن چکی ہے۔
تھامس وولف نے کہا کہ وہ کچھ ایسا بنانا چاہتے تھے جو لوگوں کو محظوظ کرے اور سنجیدہ کام کو پرلطف بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ گاڑی کو مچھلی نہیں چلاتی، بلکہ مشن سنسنگ ٹیکنالوجی اسے چلانے میں مدد فراہم کرتی ہے، مگر یہ ٹیکنالوجی معذور افراد کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے کیا کچھ ممکن ہے، اور مستقبل میں یہ ان افراد کے لیے مددگار ہو سکتی ہے جو چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔















