بنگلا دیش کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے سلمان آغا کے رن آؤٹ کو جائز قرار دیا، کہا دونوں فریقین غلط نہیں تھے۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلا دیش کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے سلمان آغا کے رن آؤٹ کو درست قرار دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ سب اتنی تیزی سے ہوا کہ ہمیں بھی کچھ سمجھ نہیں آیا۔ مہدی حسن میراز کو لگا کہ سلمان آغا کریز کے باہر گیند روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور سلمان کو محسوس ہوا کہ وہ گیند واپس دینے میں مدد کر سکتے ہیں، اسی لیے وہ جھکے۔
مشتاق احمد نے مزید کہا کہ انہیں بھی نہیں معلوم کہ کون صحیح تھا، لیکن گیند پکڑ کر رن آؤٹ کی کوشش میراز کا قدرتی ردعمل تھا کیونکہ بیٹر کریز کے باہر تھے۔ دونوں فریقین اس وقت غلط نہیں تھے۔ اسپن بولنگ کوچ نے کہا کہ بطور بولر جب آپ گیند روکیں تو رن آؤٹ کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں، سلمان کریز سے کافی دور تھے اور انہیں لگا بال ڈیڈ ہو چکی ہے، میراز نے کوئی غلطی نہیں کی۔















