پنجاب حکومت نے سرکاری طیارے کے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق جھوٹی افواہوں اور پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری جیٹ کے استعمال سے متعلق جھوٹی مہم چلانے والوں کے خلاف ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 کے تحت مقدمات دائر کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب عدالت میں دیا جائے گا اور جعلی خبریں پھیلانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مریم اورنگزیب کے مطابق سرکاری طیارہ معمول کی تکنیکی مرمت کے لیے ویانا گیا تھا اور اس معاملے پر پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز صحافت نہیں بلکہ بدنامی ہے اور اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عوام کو گمراہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔















