بلاول بھٹو زرداری نے اسلاموفوبیا کو انسانی اقدار پر سنگین خطرہ قرار دیا اور عالمی برادری سے نفرت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ یہ مسلمانوں کے وقار اور حقوق ہی نہیں بلکہ انسانی اقدار پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نفرت، تعصب اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلاموفوبیا رواداری اور مختلف اقوام و مذاہب کے درمیان باہمی احترام کے عالمی اقدار کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ عدم برداشت کا مقابلہ کرنے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی تعلیمات امن، رحم دلی اور انصاف پر مبنی ہیں اور انہیں مسخ نہیں کیا جا سکتا۔ بلاول بھٹو نے معاشروں کی تشکیل پر زور دیا جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے وقار اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔














