مریم نواز نے اسلامو فوبیا کی مذمت کی اور مسلم ممالک کو اتحاد کی علامت بننے کی ضرورت پر زور دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اسلامو فوبیا کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو اتحاد کی علامت بننا چاہیے۔
اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام پُرامن دین ہے اور مسلمانوں کو امن پر یقین ہے۔ اسلام نے بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی ہے۔ اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لئے اسلامی اقدار کو مثبت انداز میں پیش کرنا ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے۔ انفرادی طرز عمل اسلامو فوبیا کو مات دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر ہمیں بردباری، برداشت اور تحمل کا عہد کرنا ہے اور عالمی سطح پر اس کے خاتمے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔















