کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے تین مقابلوں میں 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان تین علیحدہ علیحدہ مبینہ مقابلوں کے دوران 5 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا ہے۔
پہلا مقابلہ جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں کشمیر روڈ کٹ کے قریب پیش آیا جہاں گشت پر موجود پولیس ٹیم کا مشتبہ ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت عامر زیب عرف شینا کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسرا مقابلہ لیاقت آباد کے علاقے تین ہٹی ندی کے قریب ہوا جہاں فائرنگ کے بعد دو ملزمان حنین اور حارث زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
تیسرا مقابلہ گلشن اقبال عزیز بھٹی پارک کے قریب ہوا جس میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔















