پاکستان میں درآمدات 8.21 فیصد بڑھ کر 45 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

پاکستان میں غیرملکی مصنوعات کی درآمدات 8.21 فیصد بڑھ کر 45 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، گاڑیوں اور موبائل فونز کی درآمد میں نمایاں اضافہ ہوا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان میں درآمدات 8.21 فیصد بڑھ کر 45 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کی غیرملکی مصنوعات پر انحصار بڑھتا جارہا ہے، موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں گاڑیوں اور اسمارٹ موبائل فونز سمیت متعدد غیرملکی لگژری اشیاء کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے، مجموعی درآمدات 45 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔ اسمارٹ موبائل فونز اور گاڑیوں کی درآمدات آئی ایم ایف کی ایک قسط سے زیادہ مالیت کی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق، جولائی سے فروری تک مجموعی درآمدات میں 8.21 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد انکا حجم 45 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ اس عرصے کے دوران درآمدات میں 3 ارب 45 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسمارٹ موبائل فونز اور مہنگی گاڑیوں سمیت دیگر لگژری اشیاء کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا فروری کے دوران 1.29 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد زیادہ ہیں۔

مہنگی کاروں کی درآمدات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 126 فیصد اضافے کے ساتھ 1.53 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔

زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات بھی بڑھ گئی ہیں۔ جولائی تا فروری کے دوران غذائی اشیاء کی درآمدات میں 18.42 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم 6.41 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

مشینری کی درآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا فروری کے دوران مشینری کی مجموعی امپورٹ 11.73 فیصد اضافے کے ساتھ 6.98 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی، جبکہ زرعی آلات اور مشینری کی درآمدات 9.25 فیصد اضافے کے بعد 7 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

لوہے، اسٹیل، ایلومینیم اور دیگر قیمتی دھاتوں کی درآمدات میں بھی 17 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کا حجم 4.39 ارب ڈالر رہا۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جولائی تا فروری کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 6.35 فیصد کمی کے باوجود 10 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔

ٹیکسٹائل امپورٹس میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو 7.18 فیصد کمی کے ساتھ 4.44 ارب ڈالر تک محدود رہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں