وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی بچت سے عوامی ریلیف کے اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس میں سرکاری تنخواہوں میں کٹوتی شامل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی بچت اقدامات کے جائزہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کفایت شعاری سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف پر خرچ کی جائے گی۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام اور بچت اقدامات پر پیشرفت پر گفتگو کی گئی۔ سرکاری ملازمین اور حکومتی اداروں کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں 5 سے 30 فیصد تک کمی کی جائے گی اور یہ رقم عوامی ریلیف کے لیے استعمال ہوگی۔ کارپوریشنز اور دیگر اداروں کے بورڈز میں شامل حکومتی نمائندے فیس نہیں لیں گے اور ان کی بچت کو بھی عوامی ریلیف میں شامل کیا جائے گا۔
ہفتہ وار چار دن کام کا اطلاق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف بی آر پر نہیں ہوگا اور یہ ادارے پرانے طریقے کے مطابق ہی کام کریں گے۔ وزیراعظم نے پاکستانی سفارتخانوں کو 23 مارچ کی تقریبات انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت بھی دی ہے۔















