مریم نواز کا سہولت بازاروں کا دائرہ بڑھانے کا حکم، سستی اشیا کی فراہمی جاری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سہولت بازاروں کو عوام کیلئے شفاف اور فعال قرار دیا، اشیاء سستے داموں اور معیار کی نگرانی جاری۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پنجاب میں سہولت بازار عوام کے لئے شفاف اور فعال: مریم نواز

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں سہولت بازاروں کو عوام کے لئے سہولیات کی فراہمی کا قابل تقلید نمونہ قرار دیا ہے۔ ان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فروخت جاری ہے اور معیار کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

مریم نواز نے عوام کو سہولت بازاروں سے خریداری کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور انتظامیہ کو عمدہ انتظامات پر شاباش دی۔ انہوں نے لاہور میں مزید سہولت بازار لگانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے سہولت آن دی گو میں خواتین کی 52.4 فیصد شمولیت کو احسن قرار دیا اور پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے چیئرمین افضل کھوکھر کو شاندار اقدام پر مبارکباد دی۔ 90 فیصد صارفین نے بازاروں کی رسائی اور وہاں محسوس ہونے والی حفاظت کو سراہا جبکہ دکاندار بھی سٹالز کے کرایے کی سستی سے مطمئن نظر آئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سہولت بازاروں میں 82 فیصد قیمتیں سستی ہیں اور 88 فیصد صارفین مصنوعات کے معیار سے مطمئن ہیں۔ لاہور میں 10 مستقل سہولت بازار اور 15 سہولت آن دی گو یونٹس فعال ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریلیف صرف نعرہ نہیں بلکہ اسے نظر آنا چاہیے اور سہولت بازار عوامی اطمینان کی 80 فیصد سطح کی عکاس ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں