محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد کے انٹری پوائنٹس کو 109 سے کم کر کے 25 کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ سکیورٹی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن و امان اور شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے 109 انٹری پوائنٹس کو مرحلہ وار کم کر کے 25 تک لایا جائے گا تاکہ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیر داخلہ نے ریڈ زون کو عملی طور پر فعال بنانے اور اس حوالے سے مؤثر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ناکوں اور انٹری پوائنٹس پر سخت نگرانی کے ذریعے سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ناکے صرف دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ ان کی حقیقی افادیت بھی نظر آنی چاہیے اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں شہر کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہر کی صفائی اور تجاوزات کے معاملات کے ذمہ دار اسسٹنٹ کمشنرز ہوں گے جبکہ بڑی شاہراہوں سے غیر ضروری سامان فوری طور پر ہٹایا جائے۔
اجلاس میں انتظامی عملے کو شہر کی ترقی اور قانون کی عملداری کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے آئی جی، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔















