پاکستانی اداکار شجاعت ہاشمی لاہور میں انتقال کر گئے، نمازِ جنازہ آج رات جامعہ نعیمہ میں ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی فلم و ٹی وی کے معروف اداکار شجاعت ہاشمی لاہور میں انتقال کر گئے۔ شجاعت ہاشمی کچھ عرصے سے علیل تھے اور ان کی نمازِ جنازہ آج رات 9 بجے جامعہ نعیمہ میں ادا کی جائے گی۔
شجاعت ہاشمی نے کئی دہائیوں تک شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ ان کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا تھا۔ ڈرامہ سیریل وارث میں مولاداد کے کردار نے شجاعت ہاشمی کو مقبول بنایا۔
شجاعت ہاشمی نے 1970 کی دہائی میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور کئی دہائیوں تک اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکاری کے شعبے میں خدمات پر انہیں 1994 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔
شجاعت ہاشمی نے فنی کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے ڈرامے کوہر سے کیا اور ان کی پہلی پنجابی فلم چھڈ برے دی یاری 1975 میں ریلیز ہوئی۔ 1979 کی فلم خاک اور خون میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔















