پیٹرولیم ڈیلرز نے عید کے بعد ہڑتال کا اعلان کیا اور تیل کی قیمتوں میں اضافے پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے عید کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وائس چیئرمین طارق حسن نے الزام لگایا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، پیٹرولیم لیوی میں 21 روپے اضافہ کیا گیا جبکہ باقی 36 روپے فی لیٹر کا حساب نہیں دیا گیا۔ ڈیلرز نے 55 روپے کے اضافے پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
طارق حسن نے مزید کہا کہ ہمارے مارجن کو دو سال قبل بڑھانے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب تک نہیں پورا ہوا۔ تیل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافے سے ہماری لاگت بڑھ گئی ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ شفاف طریقے سے نہیں کیا گیا اور ان کا مارجن نہ بڑھایا گیا تو 26 مارچ سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کی جائے گی۔















