نہال ہاشمی آج سندھ کے 35 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ تقریب شام 4 بجے گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ کے نئے گورنر سید نہال ہاشمی کی حلف برداری کی تقریب آج شام 4 بجے گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوگی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ان سے گورنر کے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد نہال ہاشمی سندھ کے 35 ویں گورنر بن جائیں گے۔
نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ ایک معروف وکیل اور سیاست دان ہیں۔ وہ مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ نہال ہاشمی 28 جنوری 1960 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ان کا شمار پاکستان کے ممتاز فوجداری اور آئینی وکلاء میں ہوتا ہے۔
انہوں نے بطور طالب علم آل پاکستان یوتھ لیگ کے نام سے اپنی سیاسی تنظیم قائم کی اور 1992 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے۔ نہال ہاشمی نے 1997 سے 1999 تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
نہال ہاشمی نے نواز شریف کے نیب کیس اور مرتضیٰ بھٹو ٹریبونل سمیت کئی ہائی پروفائل مقدمات میں اہم قانونی کردار ادا کیا۔ وہ 2012 میں کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر رہے جبکہ 2014 میں انہیں سندھ میں پارٹی کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے ان کی سیاسی خدمات کے اعتراف میں انہیں سندھ کا گورنر مقرر کیا ہے۔















