کراچی سٹی کونسل کا اجلاس ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہو گیا جبکہ حکومتی ارکان نے 14 قراردادیں منظور کروا لیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی سٹی کونسل کا اجلاس بدترین ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا جب ارکان ایک دوسرے سے گھتم گتھا ہوگئے۔ ارکان نے پورے ہال میں لاتوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت کے باوجود اپوزیشن اور حکومتی ارکان لڑائی میں مصروف رہے۔
ہنگامہ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب پاکستان تحریک انصاف کے رکن تیمور نے میئر کے ڈائس کے سامنے تقریر شروع کی اور وڈیو بنانے لگے، جس پر پیپلزپارٹی کے رکن نے انہیں دھکا دیا۔ اس کے بعد پورے ہال میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان آپس میں لڑ پڑے۔
دونوں جانب کے ارکان کے درمیان جاری لڑائی کے دوران حکومتی ارکان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 14 قراردادیں منظور کروا لیں، جن میں 9 ایجنڈے کی اور 5 دیگر قراردادیں شامل تھیں۔
اجلاس میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی اور گل پلازہ میں آگ لگنے سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شہید نجیب احمد کی جمہوری جدوجہد کے اعتراف میں ایک فلائی اوور کا نام ان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔














