لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو تین لین کرنے کا فیصلہ، سیالکوٹ سے کھاریاں اور اسلام آباد موٹروے بھی تین رویہ بنے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے اجلاس میں لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو دو سے تین لین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ سے کھاریاں اور اسلام آباد موٹروے بھی تین رویہ بنے گی۔ مستقبل کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی موٹروے کو تین لین سے کم نہیں بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو سیالکوٹ سے راولپنڈی موٹروے پر ایف ڈبلیو او کے اشتراک سے کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس منصوبے سے لاہور اور اسلام آباد کا فاصلہ 100 کلومیٹر کم ہو جائے گا اور سفر میں ایک گھنٹہ کی بچت ہو گی۔
اجلاس میں کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو موٹرویز سے منسلک کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس اقدام سے سکھوں کے مقدس شہروں کی مذہبی سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ سکھ سیاحوں کے لیے ہوٹل اور شاپنگ مالز بنائے جائیں گے جن میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
این ایچ اے یورپ، برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں انویسٹمنٹ روڈ شو کرے گا تاکہ موٹروے منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔















