ترک صدر ایردوان نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا حل ممکن قرار دیا۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ایران کے ہمسایہ ممالک پر حملے درست نہیں اور خطے کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیلنے کے بجائے جاری جنگ کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ صورتحال کو بروقت نہ سنبھالا گیا تو پورا خطہ سنگین بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔
ترک صدر کے مطابق مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی مختلف تنازعات اور عدم استحکام کا شکار ہے، اس لیے کسی بھی نئی جنگ یا کشیدگی کے پھیلاؤ سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلے کا پائیدار حل صرف سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ایردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ اس معاملے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سفارتی کوششوں کو سنجیدگی سے موقع دیا جائے تو جاری جنگ کو روکا جا سکتا ہے اور خطے میں امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔














