اسلام آباد میں موٹر سائیکلز کے ایم ٹیگ کے لیے نئی چپ تیار کی جا رہی ہے جو شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ ایف ڈبلیو او موٹر سائیکلز کے لئے نئی ایم ٹیگ چپ تیار کر رہا ہے، جو شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔
ڈی سی عرفان نواز میمن نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل کا ایم ٹیگ اترنے کے بعد ناکارہ ہو جاتا ہے، اس لئے ایک بائیک کا ٹیگ دوسرے پر استعمال نہیں ہو سکتا۔ اگر ٹیگ چوری ہو جائے تو ہیلپ لائن پر اطلاع دینے پر فوری طور پر بلاک کر دیا جائے گا اور نیا ٹیگ مفت لگایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایم ٹیگ میں سیکیورٹی اور حفاظت کے مختلف فیچرز رکھے گئے ہیں، اور شہر کی مساجد و امام بارگاہوں پر سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔ افسران فیلڈ میں موجود رہتے ہیں۔
آن لائن ٹیکسیوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے، اور اب تک 19 ہزار سے زائد ٹیکسی اور بائیکس کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ ڈرائیورز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سواری کی معلومات اپلوڈ کریں تاکہ سیکیورٹی میکانزم کو بہتر بنایا جا سکے۔















