پاکستان سمیت مختلف ممالک میں انسٹاگرام کی سروس متاثر، صارفین کو میسیجز بھیجنے اور وصول کرنے میں دشواری کا سامنا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صارفین نے میسیجز بھیجنے اور وصول کرنے میں دشواری، فیڈ لوڈ نہ ہونے اور ایپ تک رسائی میں مسائل کی شکایات کی ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں صبح تقریباً 7 بج کر 10 منٹ پر انسٹاگرام کی سروس میں تکنیکی خلل کی رپورٹس شروع ہوئیں اور مختصر وقت میں ہزاروں صارفین نے اس مسئلے کی نشاندہی کی۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر 13 ہزار سے زائد شکایات درج کی گئیں، جن میں سے تقریباً 71 فیصد کا تعلق ایپ کے درست طریقے سے کام نہ کرنے سے تھا جبکہ 20 فیصد صارفین نے سرور کنکشن کے مسائل کی نشاندہی کی۔
یہ خرابی خاص طور پر براہِ راست میسیجنگ سروس کو متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث صارفین کو ذاتی پیغامات بھیجنے یا وصول کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ امریکا، یورپ، کینیڈا اور مشرقِ وسطیٰ کے بعض علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے مسائل کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
تکنیکی خرابی کی اصل وجہ اور سروس کی مکمل بحالی کے بارے میں میٹا پلیٹ فارمز کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے مسائل عموماً سرور پر زیادہ بوجھ یا ممکنہ سائبر حملے کے باعث بھی سامنے آ سکتے ہیں۔















