سعودی ریلوے نے رمضان کے آخری عشرے میں حرمین ٹرین کے یومیہ ٹرپس 140 کر دیے ہیں تاکہ عمرہ زائرین کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسافروں کی سہولت کے لیے حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کے یومیہ ٹرپس کو بڑھا کر 140 کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سفر کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
رمضان کے دوران اندرون ملک اور بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان سفر کرتے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے اس موقع پر 3,662 ٹرپس کا شیڈول بنایا ہے، جس سے 1.7 ملین سے زائد مسافروں کو نشستوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حرمین ریلوے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان چلنے والی خصوصی ٹرین سروس ہے، جس کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ اس سے سفر کا دورانیہ دو گھنٹے کم ہو جاتا ہے، جس سے زائرین حرمین شریفین میں زیادہ وقت گزار سکتے ہیں۔
مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جانے والی ٹرین رابغ شہر میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی، جدہ ایئرپورٹ اور جدہ کے سلیمانیہ اسٹیشن سے گزرتی ہے۔ واپسی کا راستہ بھی یہی ہے۔
پچھلے رمضان کے آخری 10 دنوں میں حرمین ٹرین نے روزانہ تقریباً 130 ٹرپس چلائے تھے، لیکن اس سال یومیہ ٹرپس کو 140 تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ عمرہ کرنے والوں اور دیگر مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔













