ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے کہا کہ ایران خطے کے کسی ملک کو نشانہ بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا اور امن کے لیے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ ایران خطے کے کسی ملک کو نشانہ بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا اور صرف اپنے دفاع تک محدود رہنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مسعود پزیشکیان نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی صورتحال اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دیگر ممالک کے ساتھ امن قائم رکھنے کا خواہاں ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔
ایرانی صدر نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر جنگ کے ذمہ داروں کی نشاندہی اور احتساب پر توجہ نہ دی گئی تو عالمی نظام اور سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے جنگ روکنے اور امن برقرار رکھنے کے لیے سنجیدگی سے کام کرنے کی اپیل کی۔













