اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکی و اسرائیلی حملوں میں 1300 سے زائد ایرانی شہری جاں بحق ہوئے۔ بیروت میں حملے سے چار ایرانی سفارتکار بھی شہید ہوئے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 1300 سے زائد ایرانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان حملوں میں 9 ہزار 669 شہری مقامات تباہ ہوئے، جن میں 7 ہزار 943 رہائشی مکانات شامل ہیں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ان حملوں میں شہری تنصیبات اور رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں چار ایرانی سفارتکاروں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور کو ایک ہنگامی خط میں مطلع کیا کہ 8 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے بیروت کے ہوٹل پر حملے میں یہ سفارتکار شہید ہوئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والوں میں سیکنڈ اور تھرڈ سیکرٹری سفارت خانہ، ملٹری اتاشی اور ملٹری مشن آفیسر شامل ہیں۔















