ایران، امریکا اور اسرائیل کی کشیدگی سے مشرق وسطیٰ کی ایئر لائنز کو شدید نقصان پہنچا، ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشنز متاثر ہو گئے ہیں، جس سے ہزاروں پروازیں منسوخ اور لاکھوں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کی چھ بڑی ایئر لائنز، جن میں اتحاد ایئر ویز، ایئر عربیہ، فلائی دبئی، قطر ایئر ویز، امارات ایئر لائن اور کویت ایئر ویز شامل ہیں، کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، ان ایئر لائنز کی مجموعی طور پر روزانہ 2,381 پروازیں آپریٹ ہوتی تھیں، مگر جنگی حالات کے باعث گزشتہ دس روز میں صرف 50 پروازیں روانہ ہو سکیں جبکہ 23,810 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ ان ایئر لائنز کے ذریعے یومیہ لاکھوں مسافر مختلف ممالک کے درمیان سفر کرتے تھے۔
جدید طیاروں کے حامل فضائی بیڑے کے باوجود موجودہ صورتحال میں ان ایئر لائنز کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ ایوب نسیم نے خبردار کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے ایوی ایشن اور ٹریول انڈسٹری کے لیے بیل آؤٹ پیکج دینے کی اپیل کی۔













