پیٹرول کی قلت کے باعث جامعات نے فزیکل کلاسز ختم کرکے آن لائن سیشنز کا آغاز کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پیٹرول کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک کی جامعات نے فزیکل کلاسز ختم کرکے آن لائن سیشنز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جامعہ کراچی نے 9 مارچ سے رمضان المبارک کے اختتام تک صبح کی کلاسز کو آن لائن منتقل کردیا ہے۔ دیگر جامعات بھی اسی جانب قدم بڑھا رہی ہیں۔
جامعہ کراچی کے رجسٹرار کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ٹرانسپورٹ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ایوننگ کلاسز پہلے ہی آن لائن جاری ہیں۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے بتایا کہ پیٹرول بحران کے باعث گاڑیوں کے پیٹرول میں 25 فیصد کمی کی گئی ہے۔
وفاقی اردو یونیورسٹی نے بھی 11 مارچ سے 16 مارچ تک کراچی کیمپس میں تدریسی سرگرمیاں آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اسلام آباد کیمپس میں 9 سے 27 مارچ تک تدریس آن لائن رہے گی۔ غیر تدریسی عملے کو متبادل ایام میں دفتر حاضری کی ہدایات دی گئی ہیں۔
این ای ڈی یونیورسٹی نے بھی آن لائن کلاسز کے لئے تیاری مکمل کرلی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد نے بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر فوری عملدرآمد کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















