امارات نے عوامی تحفظ کے نئے قانون کا اعلان کیا ہے جو یکم جون سے نافذ ہوگا۔ خلاف ورزی پر 500 سے 10 لاکھ درہم کا جرمانہ ہوگا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے عوامی تحفظ کے حوالے سے نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو یکم جون سے نافذ العمل ہوگا۔ نئے قانون کے تحت عوامی مقامات اور تقریبات میں محفوظ داخلہ و اخراج، مناسب روشنی اور گنجائش کی حد مقرر کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
تقریبات کے منتظمین کو آگ بجھانے کا سامان، ہنگامی انخلا، فرسٹ ایڈ اور تربیت یافتہ حفاظتی عملہ تعینات کرنا لازمی ہوگا۔ بغیر پرمٹ دھماکا خیز مواد اور آتش بازی کے سامان پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ خطرناک یا آتش گیر مادوں کے استعمال پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
ساحلوں پر مقررہ وقت میں تیراکی اور ممنوعہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر 500 سے 10 لاکھ درہم تک جرمانہ ہوگا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ 20 لاکھ درہم تک بڑھ سکتا ہے۔













