ایران نے آبنائے ہرمز میں سکیورٹی وجوہات پر ایک آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا، دشمن ریاستوں کے جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ہفتہ کی صبح آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ٹینکر نے سکیورٹی وجوہات کے باعث عائد پابندیوں کی متعدد انتباہات کو نظر انداز کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ‘پریما’ نامی آئل ٹینکر کو پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے بار بار کی وارننگز کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش پر نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام نے مزید کہا ہے کہ دشمن ریاستوں سے وابستہ آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خاص طور پر امریکا اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والے جہازوں کو فوجی ہدف سمجھا جائے گا۔
یہ پیش رفت 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے حملوں اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی میں کئی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔












