حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے وزرا اور سرکاری افسروں کی مفت پٹرول کی سہولت ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول پر مختلف ٹیکس ملا کر تقریباً 120 روپے وصول کر رہی ہے، اس لئے وزرا اور سرکاری افسروں کی مفت پٹرول کی سہولت کو ختم کر دینا چاہئے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بڑی سرکاری گاڑیوں کی جگہ زیادہ سے زیادہ 1300 سی سی گاڑیاں استعمال کی جائیں۔
حافظ نعیم نے پٹرول کی قیمت میں 55 روپے کے اضافے کو عوام پر ظلم قرار دیا اور کہا کہ اس اضافے میں 20 روپے پٹرول لیوی بڑھا دی گئی ہے، جس سے لیوی 105 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، اور موٹر سائیکل چلانے والے طلباء، مزدور اور مڈل کلاس طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ پٹرول لیوی سے دو سال میں 2600 ارب روپے عوام سے وصول کیے گئے ہیں، اور تنخواہ دار طبقہ ٹیکس دے رہا ہے جبکہ اشرافیہ سے ٹیکس وصول نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔














