سینیٹر اسحاق ڈار نے دولتِ مشترکہ اور اماراتی وزیر خارجہ سے رابطے میں خطے کی صورتِحال پر تبادلۂ خیال کیا اور پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈپٹی پرائم منسٹر اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دولتِ مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی بوچ وے اور متحدہ عرب امارات کے ڈپٹی پرائم منسٹر و وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان سے 7 مارچ 2026 کو الگ الگ رابطے کیے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں خطے کی موجودہ صورتِحال کے باعث لندن میں ہونے والے دولتِ مشترکہ منسٹریل ایکشن گروپ اور فارن افیئرز منسٹرز میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کی اطلاع دی؛ پاکستان کی نمائندگی لندن میں ہائی کمشنر کریں گے۔ انہوں نے دولتِ مشترکہ میں پاکستان کی شراکت اور 9 مارچ کو منائے جانے والے دولتِ مشترکہ ڈے پر سیکرٹری جنرل اور ممبر ممالک کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر خارجہ نے اماراتی وزیر خارجہ سے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا اور امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یو اے ای پر حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا پیغام دیا۔















