بھارتی حکومت نے امریکی بحریہ کے بھارتی بندرگاہوں کے استعمال کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی حکومت نے واضح کیا ہے کہ امریکی بحریہ ایران کے خلاف جنگ میں بھارتی بندرگاہوں کا استعمال نہیں کر رہی۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے ان اطلاعات کو بے بنیاد اور جعلی قرار دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ایک امریکی چینل نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی بحریہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے بھارت کی بندرگاہیں استعمال کر رہی ہے، جو سراسر غلط ہے۔ وزارت نے کہا کہ ایسی غیر مصدقہ معلومات عوام کو گمراہ کر سکتی ہیں، اس لیے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
سابق امریکی فوجی افسر ڈوگلس میک گریگور نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کو ایران کے حملوں کی وجہ سے بھارت کی بحری تنصیبات کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ اس بیان کے بعد بھارت میں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی۔
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی ترجمان نے حکومت سے سوال کیا تھا کہ کیا مودی حکومت امریکا اور اسرائیل کو بھارتی بحری اڈوں کے استعمال کی اجازت دے رہی ہے؟ جس پر بھارتی حکومت نے الزامات کو افواہیں قرار دیا۔














