مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث 4300 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، پاکستان سے 145 پروازیں متاثر ہوئیں۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کی وجہ سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے باعث آٹھ ممالک میں 4300 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دبئی، ابوظہبی اور شارجہ ایئرپورٹس سے ہنگامی انخلا کے لیے 167 پروازیں چلائی گئیں جبکہ پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے 145 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں سے منسوخ ہونے والی پروازوں کی تفصیل میں کراچی اور اسلام آباد سے 35، 35، لاہور سے 29، پشاور سے 14، سیالکوٹ اور ملتان سے 12، 12، فیصل آباد سے چھ اور کوئٹہ سے چار پروازیں شامل ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کی وجہ سے ایئر کارگو نظام بھی معطل ہو چکا ہے جس سے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پھل، سبزیاں، گوشت اور دیگر اشیاء کے گودام بھر گئے ہیں۔ لاہور ایئرپورٹ روزانہ 200 سے 300 ٹن سامان ایئر کارگو کرتا ہے، جو اب معطل ہو چکا ہے۔













