آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت میں 90 فیصد کمی

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت 90 فیصد کم ہو گئی، جس سے عالمی توانائی منڈی پر اثرات متوقع ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت 90 فیصد کم

دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت میں 90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ توانائی انٹیلی جنس فرم کلپر کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں ٹینکر ٹریفک تقریباً معطل ہو چکی ہے۔

کلپر کے پرنسپل فریٹ اینالسٹ میٹ رائٹ نے بتایا کہ بیشتر جہازوں کی نقل و حرکت رک چکی ہے، تاہم کچھ ٹینکر اب بھی مشرق اور مغرب کی سمت محدود سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق بعض جہاز خطرات کے باوجود اس راستے سے گزر رہے ہیں۔

میٹ رائٹ کے مطابق کئی جہاز اپنی نقل و حرکت کو چھپانے کے لیے اے آئی ایس ٹریکنگ سسٹم بند کر کے سفر کر رہے ہیں۔ اس طریقے سے جہازوں کی خفیہ نقل و حرکت کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت تقریباً مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی توانائی تجارت کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا کی تقریباً 20 فیصد خام تیل سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو عالمی تیل کی فراہمی اور قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں