شہادتوں کا بدلہ دہشت گردوں سے لیا جائے گا۔ طارق فضل چودھری

وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ شہادتوں کا بدلہ دہشت گردوں سے لیا جائے گا اور پاکستان نے افغان مہاجرین کی دہائیوں تک میزبانی کی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
شہادتوں کا بدلہ دہشت گردوں سے لیا جائے گا، طارق فضل چودھری

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ شہادتوں کا بدلہ دہشت گردوں سے لیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور جنگ زدہ افغان مہاجرین کی دہائیوں تک میزبانی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان میں خونریزی ہوگی تو اس کا خمیازہ افغانستان کو بھگتنا ہوگا کیونکہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہری ملوث ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ عوام اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور کبھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایا۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کی تاریخ رقم کی ہے اور جب سے طالبان حکومت آئی ہے، پاکستان میں آٹھ ہزار سے زائد شہادتیں ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے پاکستان تمام وسائل فراہم کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران اور خلیجی ریاستوں پر حملوں کی مذمت کی ہے اور خطے میں امن کا خواہشمند ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پارلیمانی لیڈرز کو امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، تاہم اپوزیشن کی غیر حاضری کو افسوسناک قرار دیا۔

دیگر متعلقہ خبریں