سعودی عرب نے یانبو بندرگاہ کے ذریعے پاکستان کو تیل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، جس سے پیٹرولیم سپلائی کے تسلسل میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب نے پاکستان کو متبادل سپلائی روٹ سے تیل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان نے یانبو کی بندرگاہ کے استعمال کی درخواست کی۔ سعودی عرب نے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ سعودی ذرائع نے یانبو بندرگاہ کے ذریعے سپلائی کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کے لیے جہاز روانہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے سعودی عرب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یانبو سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا اور دونوں ممالک آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومتِ پاکستان عوام کے لیے توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے راستے پیٹرولیم سپلائی میں سعودی عرب کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔














