قطر نے ایران کے میزائل حملوں پر اقوام متحدہ کو احتجاجی خطوط لکھے ہیں، جنہیں خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
دوحہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قطر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خطوط میں ایران کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ ان حملوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ناقابل قبول اشتعال انگیزی کہا گیا ہے۔
قطر کی مستقل نمائندہ شیخہ عالیہ احمد بن سیف آل ثانی نے خطوط میں واضح کیا کہ ان حملوں کے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ہفتے کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران نے قطر پر 83 میزائل اور 12 ڈرون حملے کیے۔
قطر نے 81 میزائل اور 11 ڈرونز کو ناکام بنایا، مگر دو میزائل العدید بیس پر گرے جہاں امریکی فوجی موجود ہیں، جبکہ ایک ڈرون نے ابتدائی انتباہی نظام کو نشانہ بنایا۔ خوش قسمتی سے ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اتوار یکم مارچ کی صبح تک 92 بیلسٹک میزائل اور 17 ڈرونز کا پتہ لگایا گیا۔ قطر نے فوری طور پر کشیدگی ختم کرنے، مذاکرات کی بحالی اور خطے کی سلامتی کے تحفظ کی اپیل کی۔











