چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایران کی خودمختاری کی حمایت کی اور امریکا کو فوجی کارروائیاں بند کرنے کی تنبیہ کی۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی حمایت کرتا ہے اور امریکا و اسرائیل سے فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہی۔
وانگ یی نے کہا کہ چین ایران کے ساتھ روایتی دوستی کو اہمیت دیتا ہے اور اس کے جائز حقوق کے تحفظ کی تائید کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کیا جائے تاکہ تنازع مشرق وسطیٰ میں مزید نہ پھیلے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوران امریکا نے دوبارہ ایران کے خلاف کارروائی کی، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق ایران کو اپنے دفاع کا حق استعمال کرنا پڑا۔
عباس عراقچی نے امید ظاہر کی کہ چین کشیدگی کم کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ وانگ یی نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ صورتحال میں ایران قومی استحکام برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایران میں موجود چینی شہریوں اور اداروں کی سلامتی یقینی بنائی جائے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ ایران چینی شہریوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔












