پیٹرول قیمتوں کی نگرانی کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس، توانائی مارکیٹ کی نگرانی تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد میں پٹرول قیمتوں کی نگرانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، توانائی مارکیٹ کی نگرانی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پٹرول قیمتوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی کا اجلاس، اقدامات تیز

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پٹرول کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی نے توانائی مارکیٹ کی نگرانی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا ہنگامی اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق، کمیٹی نے توانائی مارکیٹ کی نگرانی تیز کرنے اور سپلائی کے تسلسل کے لیے روزانہ سٹاک کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے اپنے دائرہ اختیار سے متعلق تمام اُمور پر غور کیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ عالمی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ملک میں توانائی سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے۔ اراکین نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتِ حال کو عالمی توانائی کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا۔

اجلاس میں طویل کشیدگی سے پاکستان کی توانائی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کمیٹی کا روزانہ اجلاس ہوگا اور سٹاک و قیمتوں کا ریئل ٹائم جائزہ لیا جائے گا، ساتھ ہی ایل این جی و ایل پی جی سپلائی، شپمنٹس اور ٹرمینل آپریشنز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ توانائی سپلائی محفوظ ہے، عوام پریشان نہ ہوں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع متبادل منصوبہ بندی جاری ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں