وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور روس کا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت ایرانی عوام کے غم میں شریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ مسلمہ اصول ہے کہ سربراہان مملکت اور حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور اللہ تعالیٰ ایرانی عوام کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔
وزیراعظم نے روس کا دورہ ملتوی کر دیا ہے جو امریکی و اسرائیلی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ممکن نہیں رہا۔ ماسکو کو اس صورتحال کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
شہباز شریف نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اجلاس طلب کیا ہے جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغانستان اور ایران سمیت خطے کی سکیورٹی پر غور ہوگا اور پاکستان کی پالیسی سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں ایران کے سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا جائے گا۔













