ایران نے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا کہ امریکی و اسرائیلی اڈے جائز فوجی ہدف ہیں، حالیہ حملوں کو مسلح جارحیت قرار دیا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خطے میں موجود تمام امریکی اور اسرائیلی اڈے جائز فوجی اہداف ہوں گے۔ یہ مؤقف حالیہ فضائی حملوں کے بعد اختیار کیا گیا ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 2 کی شق 4 کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور انہیں ایران کے خلاف مسلح جارحیت قرار دیا گیا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کر رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری دفاعی صلاحیتیں استعمال کریں گی اور جارحیت کے مکمل خاتمے تک بلا تاخیر اپنے دفاع کا حق استعمال کرتی رہیں گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی توجہ اس صورتحال پر مرکوز ہے۔













