پاکستان سپر لیگ کے چار سالہ میڈیا رائٹس 26 ارب روپے میں ولی ٹیکنالوجیز کو فروخت کر دیے گئے، سرکاری ٹی وی پر میچز نشر ہونے کی توقع ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کمرشل ڈیل مکمل ہو گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چار سالہ میڈیا رائٹس 26 ارب روپے میں ولی ٹیکنالوجیز کو فروخت کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا رائٹس کی دوڑ میں تین بڈرز شامل تھے، جن میں ولی ٹیکنالوجیز نے ریزرو پرائس سے تین ارب زائد کی بڈ دی تھی۔ اس کامیابی کے بعد ممکنہ طور پر سرکاری ٹی وی پر میچز نشر کیے جائیں گے جبکہ دو بڑے اسپورٹس چینل ریس سے باہر ہو گئے ہیں۔ انہیں واجبات کی ادائیگی کے لیے وقت دیا گیا مگر ناکام رہنے پر انہیں ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔
گزشتہ برس پی ایس ایل کے 34 میچز ہوئے تھے، اب دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے تعداد 44 تک پہنچ جائے گی۔ قوانین کے مطابق پروڈکشن اخراجات نکالنے کے بعد تین ارب روپے سالانہ سے بڑی براڈکاسٹ ڈیل کی صورت میں اضافی رقم میں سے پانچ لاکھ ڈالر آئیکون غیر ملکی کرکٹرز کے معاہدے کے لیے مختص کیے جائیں گے، جبکہ باقی 80 فیصد حصہ پی سی بی اور 20 فیصد فرنچائز کو ملے گا۔















