مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ایئرلائنز نے پروازیں معطل کر دیں۔ قطر، دبئی، اور دیگر مقامات کی پروازیں متاثر ہوں گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرق وسطیٰ میں بڑھتے سیکیورٹی خدشات کے باعث دنیا کی بڑی ایئرلائنز نے اپنی پروازیں معطل، محدود یا متبادل راستوں پر منتقل کر دی ہیں۔ قطر ایئر ویز نے دوحہ کی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں کیونکہ ایران نے قطر میں امریکی ایئر بیس پر حملہ کیا ہے۔ قطر نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ ایمریٹس نے بھی دبئی کی پروازیں معطل کر دی ہیں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے قبل تازہ صورتحال جانچ لیں۔
ورجن اٹلانٹک نے لندن سے دبئی کی پرواز منسوخ کر دی ہے جبکہ برٹش ایئر ویز نے تل ابیب اور بحرین کی پروازیں بدھ تک معطل کر دی ہیں۔ وزز ایئر نے اسرائیل، دبئی، ابوظہبی اور عمان کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ایئر انڈیا، لفتھانسا اور ترکش ایئرلائنز نے بھی مشرق وسطیٰ کی متعدد پروازیں منسوخ کی ہیں۔
قومی ایئر لائن نے بھی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے نے سعودی عرب کی پروازوں کا روٹ حفاظتی وجوہات کی بنا پر تبدیل کر دیا ہے۔














