قطر نے ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کی مذمت کی ہے اور جواب دینے کا حق محفوظ رکھا ہے۔
دوحہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قطر کی وزارت خارجہ نے ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ملک کو بین الاقوامی قانون کے مطابق جواب دینے کا حق حاصل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ قطر اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد مختلف ممالک نے بھی ردعمل دیا ہے۔ بیلجیم کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی عوام کو اپنی حکومت کے فیصلوں کی قیمت نہیں چکانی چاہیے۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے اسرائیل کی کارروائی کو پیشگی اقدام قرار دیا لیکن فوری خطرے کے بغیر ایسی کارروائی کو بین الاقوامی قانون کے خلاف کہا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے خلاف حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔













