اقتصادی رابطہ کمیٹی نے میرا گھر آشیانہ اسکیم کے تحت قرض کی حد کو بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم کے تحت قرض کی حد ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں رہائشی یونٹس کے اہل سائز میں توسیع اور تمام صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد شرح سود مقرر کرنے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اسکیم میں اہم ترامیم کی منظوری دی گئی۔ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے پیش کی گئی سمری کے مطابق اب تک 10594 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اور ادائیگیوں کا عمل جاری ہے۔
کمیٹی نے سبسڈی کی ادائیگیاں سالانہ مالی گنجائش کے اندر کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ اجلاس میں دیگر منصوبوں کے لیے بھی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔













