وزارت خزانہ کے مطابق جنوری میں بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔ معاشی استحکام میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی نشاندہی کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق روزگار کے لئے بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جنوری میں 75,663 افراد نے بیرونی ملازمت کے لیے رجسٹریشن کرائی جبکہ جنوری 2025 میں یہ تعداد 63,559 تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کے امکانات ہیں، میکرو اکنامک استحکام میں اضافہ ہوا ہے اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی ہے۔ عوام کی مدد کے لیے 38 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج بھی فراہم کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے کہاکہ جنوری 2026 میں ملک میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد تھی جبکہ رواں ماہ یہ 6 سے 7 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ غیر یقینی جیو پولیٹکل صورتحال اور عالمی اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
حکومت کی آمدن اور اخراجات کا توازن بہتر ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رہا اور روپے کی قدر مستحکم رہی۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ بینکوں کے سستے قرضوں سے کاروبار میں آسانی ہوئی۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 6 ماہ کے دوران 4.8 فیصد بہتری آئی۔















