روسی عدالت نے گوگل پر وی پی این سروسز کی قوانین کی خلاف ورزی پر 2 کروڑ 20 لاکھ روبل جرمانہ عائد کیا۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روسی عدالت نے ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر وی پی این سروسز کے قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں 2 کروڑ 20 لاکھ روبل جرمانہ عائد کر دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ گوگل نے پلے اسٹور کے ذریعے ممنوعہ وی پی این سروسز کی فراہمی کی، جو صارفین کو روسی قوانین کے خلاف مواد تک رسائی دیتی ہیں۔
عدالت کے مطابق یہ سروسز انٹرنیٹ کنٹرول اور روسی معلوماتی خودمختاری کے قوانین کو کمزور کرتی ہیں۔ روس نے انٹرنیٹ پر سخت نگرانی کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے، جس کے تحت متعدد غیر ملکی پلیٹ فارمز پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ گوگل کو روس میں قانونی کارروائی یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل بھی غیر قانونی مواد ہٹانے میں ناکامی پر گوگل پر جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔











