وزیراعظم کا آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی اور بالواسطہ ٹیکس چوری روکنے کا اعلان کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کرے گی اور بالواسطہ ٹیکسز کی ادائیگی میں چوری کو روکا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان گورننس فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوگر، سیمنٹ اور تمباکو کے شعبے بالواسطہ ٹیکس کی عدم ادائیگی میں سرفہرست ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ قرضے جادومنتر سے ختم نہیں ہوں گے۔ ٹیکس ٹو جی ڈی پی 10.5 فیصد پر موجود ہے اور اگلے بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ اداروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے پی ڈبلیو ڈی اور یوٹیلیٹی اسٹورز جیسے اداروں کے خاتمے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے خزانے پر بوجھ کم ہوا ہے۔ بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے اور 200 ارب روپے کی بجلی چوری کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور حکومت اقتصادی اصلاحات کو وقت کی ضرورت سمجھتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں کاروباری پہیہ چلانے کیلئے اہم اقدامات کیے گئے ہیں اور سولر کے حوالے سے جائز موقف کو سنا گیا ہے۔ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 10.5 فیصد پر موجود ہے جبکہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں